ممبئی7جولائی (آئی این ایس انڈیا)
جمعہ کی رات سے بھاری بارش کے بعد مہاراشٹر اور کو کن علاقے کے بڑے حصوں میں لوگوں کی زندگی درہم برہم ہوگئی۔ بھاری بارش کی وجہ سے تھانے، نوی ممبئی، ملاڈ، پوئی، بھانڈوپ، بدلاپورکے لوگ سب سے زیادہ متاثر ہوئے۔ ان علاقوں میں بارش کے بعد سڑکوں پرآبی جماؤ سے دشواریاں بھی پیدا ہو گئیں۔ بارش کی وجہ سے ٹرین کی خدمات پر بھی کافی اثر پڑا۔ صبح تقریبا ایک گھنٹے تک ٹرین سروس متاثر رہیں۔ اس سلسلے میں محکمہ موسمیات کے ایک سائنس داں اجے کمار نے خبر رساں ایجنسی کو بتایا کہ اگلے پانچ دنوں میں کوکن، گوا اور ممبئی میں بڑی بھاری بارش کا امکان ہے۔ریلوے حکام نے کہا کہ بدلاپور اور کلیان کے درمیان ٹرین کی خدمات کو خراب کارکردگی اور پٹریوں پر آبی جماؤ کی وجہ سے آدھے گھنٹے تک روک دیا گیا تھا۔ حکام نے بتایا کہ 11.30 بجے کے بعد ریلوے کے مضافاتی ٹرین کی خدمات بحال ہو گئی تھیں۔ بارش کی وجہ سے الہاس ندی کی آبی سطح آج صبح کافی تیزی سے بڑھی۔ کلیان، ملاپ نگر کے پاس کے علاقوں میں سیلاب کی صورتحال ہو گئی۔ محکمہ آبپاشی کے حکام نے کہا کہ اگر بارش اسی طرح شدت کے ساتھ جاری رہتی ہے، تو پانی کی سطح خطرے کے نشان تک پہنچ سکتی ہے۔ضلع حکام نے کہا کہ مینجمنٹ اہلکاروں کو متنبہ کیا گیا ہے،مقامی محکمہ موسمیات کے مطابق، گزشتہ 24 گھنٹوں میں تھانے میں 40 سینٹی میٹر بارش ہوئی۔ بھاری بارش کو دیکھتے ہوئے ناگپور میں 12 ویں کلاس تک کے تمام اسکولوں بند رہے۔ اگلے 24 گھنٹوں میں شہر میں مزید بارش ہونے کی توقع ہے۔